سعودی عرب میں عدالتی حکم کی تعمیل میں اپنے 10 سالہ بچے کو قتل کرنے والے باپ کا سرقلم کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بیوی سے اختلاف پر 40 سالہ سفاک باپ نے بیوی سے انتقام لینے کے لیے اپنے 10 سالہ بیٹے کو ایک ویران علاقے میں لے جا کر قتل کردیا تھا۔ عدالت نے سنگدل باپ کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی تھی۔اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے 40 سالہ محمد بن عبداللہ بن حمد سویدی کا سرقلم کردیا گیا۔ سویدی نے چاقو کے وار کرکے اپنے بیٹے کو قتل کردیا تھا۔
ملزم نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹے کو سکول سے ایک ویران مقام پر لے جاکر قتل کیا اور اپنی بیٹی کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا لیکن اسکول انتظامیہ نے مجھے بچی کو ساتھ لے جانے سے منع کردیا تھا اس لیے وہ بچ گئی۔ملزم نے فوجی عدالت سے ملنے والی سزا کے خلاف مقامی عدالت میں اپیل بھی دائر کی تھی تاہم عدالت نے سزا برقرار رکھی۔