سعودی عرب پرحوثی باغیوں کی گولہ باری میں 5 افراد زخمی، 3 گاڑیاں تباہ

سعودی عرب پرحوثی باغیوں کی گولہ باری میں 5 افراد زخمی، 3 گاڑیاں تباہ\

یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے پر گولے داغے جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی اور 3 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کے علاقے الحرث پر گولہ باری کی۔ یہ گولے رہائشی عمارتوں اور ان میں کھڑی گاڑیوں پر گرے جس کے نتیجے میں 3 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ادھر جازان کے محکمہ شہری دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ بروقت کارروائی کرکے بڑے نقصان سے بچالیا گیا ہے، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور علاقہ مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

دوسری جانب حوثی باغیوں کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حملے میں 3 ہلاکتوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ گولہ باری اتحادی فوج کی چوکی پر کیا گیا، شہری علاقے پر گولہ باری کے سعودی الزام کو مسترد کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ یمن میں اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ کو 4 سال کا عرصہ بیت گیا ہے اور اب حوثی باغیوں نے سرحدی علاقوں سے سعودی عرب پر ڈرون، بیلسٹک میزائل اور توپ خانے کی گولہ باری سے شہری آبادی اور تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں