سود سے پاک معیشت کی جانب پیش قدمی جاری ہے

: ڈاکٹر رحمت اللہ

جنسیوا کو آپریٹو کریڈٹ سوسائٹی کی جانب سے چوبیس خواتین کو سیلف ہیلپ گروپ کے تحت چیک تقسیم کئے گئے

ممبئی : جنسیوا کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹی لمیٹڈ، جو کہ ایک کثیرالریاستی سود سے پاک مالیاتی ادارہ ہے، نے خواتین کو بااختیار بنانے کے تحت کولابا برانچ میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر 24 خواتین کو “سیلف ہیلپ گروپ” کے تحت سود سے پاک قرضے (چیک) تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رحمت اللہ (فاؤنڈر چیئرمین، جنسیوا) اور ڈاکٹر اسماعیل ایس کے (ڈائریکٹر، جنسیوا) نے شرکا کو چیکس دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ڈاکٹر رحمت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپ کا بنیادی مقصد خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانا اور سود کی لعنت سے بچانا ہے۔ یہ گروپ آپس میں تعاون کی ایک زندہ مثال ہے۔ آج آپ کی ضرورت پوری ہوگی، تو کل آپ کسی دوسرے کی ضرورت پوری کریں گی۔ انہوں نے گروپ لیڈرز کو عملدرآمد کا طریقہ کار سمجھاتے ہوئے کہا کہ “یہ محض قرض نہیں، بلکہ ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ ہے ۔ ہمت اور ایمانداری سے کام کریں، تو کامیابی یقینی ہے۔

ڈاکٹر اسماعیل ایس کے نے اس موقع پر کہا کہ جنسیوا کا مشن سماجی بہبود اور معاشی انصاف ہے۔ ہم خواتین کو خودکفیل بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ “ویمن ایمپاورمنٹ موومنٹ” کے تحت 1000 خواتین کو سود سے پاک مالیاتی مدد فراہم کرکے انہیں خود مختار بنایا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے تحت اب تک 42 خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کیا جا چکا ہے، اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

ممبئی میں اس منصوبے کی نگرانی مسز شبانہ اعظمی (سیلف ہیلپ گروپ کوآرڈینیٹر) کر رہی ہیں، جبکہ دیگر شہروں جیسے سولاپور، کولکاتا اور اوڈیشہ میں بھی اس کو وسعت دی جا رہی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران یا اس کے بعد، مزید سو سیلف ہیلپ گروپ ممبران کو سود سے پاک قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

شرکا نے جنسیوا کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے غریبوں کی امید قرار دیا۔

یہ پروگرام سوسائٹی کے ’’سود سے پاک معاشی انقلاب‘‘ کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو مالیاتی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ جنسیوا کے عہدیداروں نے بتایا کہ آئندہ بھی ایسی کوششوں کو ملک بھر میں وسعت دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں