سویڈن کی ولی عہد شہزادی وکٹوریا کی چالیسویں سالگرہ کی تقریب شاہی محل سٹاک ہوم میں منعقد ہوئیں۔ یہ تقریب صبح دس بجے اولڈ ٹاون سٹاک ہوم میں واقع شاہی محل میں پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں سویڈن کے بادشاہ اور ملکہ نے بھی شرکت کی۔ دیگر مہمانوں میں شاہی خاندان کے افراد، اہم عمائدین اور دیگر ممالک سے معزز مہمان شریک ہوئے۔ سالگرہ کی اس تقریب کی پیش نظر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے اور کئی مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں سے گذارا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں کو بھی سخت سیکورٹی اور جانچ پڑتال کے بعد شاہی محفل میں لے جایا گیا۔ میڈیا نے جب انہیں سالگرہ کی مبارک دی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
ایک سوال پر کہ آج کیسا محسوس کررہی ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ شہزادی وکٹوریا اور دیگر مہمانوں کی آمد کے ساتھ ہی شاہی بینڈ نے روایتی انداز میں دھنیں بکھیر کر تقریب کو پر رونق بنا دیا۔ شاہی محل کے باہر عوام کی بڑی تعداد انہیں مبارک باد دینے کے لئے کھڑی تھی جنہیں دیکھ کر شہزادی نے ہاتھ ہلایا۔ شاہی محل کے ساتھ واقع شاہی گرجا گھر میں دعائیہ تقریب سے سالگرہ کا آغاز ہوا جس بعد تمام معزز مہمان شاہی محل میں تشریف لے گئے جہاں سالگرہ کی باقی تقریب کا سلسلہ جاری رہا۔ دن ایک بجے شہزادی وکٹوریا نے اپنے خاوند شہزادہ ڈینئل اور بچوں کے ساتھ سٹاک ہوم شہرکا چکر لگایا اور عوام سے سالگرہ کی مبارکباد وصول کی۔ سہ پہر وہ سویڈن کے دوسرے بڑے جزیرے 214land چلی گئیں جہاں ان کی سالگرہ کی باقی تقریب منائی منائی گی۔ انہوں نے وہاں وکٹوریا فاونڈیشن کی جانب سے انعامات بھی تقسیم کیئے۔