ہسپانوی شہر ویلنسیا میں نیشنل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 56 سالہ پاکستانی کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار پاکستانی پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور اپنی بیٹی کو گھر میں قید کررکھااورلڑکی کو پاکستان میں شادی کے لئے مجبور کرنے کے ساتھ بات نہ ماننے کی صورت میں مستقل طور پر پاکستان بھیجنے کے لئے دھمکارہاتھا۔
پولیس نے ایمرجنسی نمبر 091 پر کال موصول ہونے کے بعد گھر میں کارروائی کی جہاں پر ایک مہینے سے زائد عرصے سے لڑکی کو قید کرکے رکھاگیاتھا۔ لڑکی نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہاکہ اس کو کہیں بھی اکیلے جانے یا کسی سے ملنے کی اجازت نہیں۔دھمکیوں کا سلسلہ ایک سال قبل شروع ہوا،والد نے لڑکی کی پسند سے انکار کرتے ہوئے پاکستان میں شادی پر اصرار کیا۔پولیس نے لڑکی کے والد کو مبینہ طورپر لڑکی کو گھرمیں قید کرنے اور انسانی سمگلنگ کے الزام کے تحت گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔