جنوبی افریقہ میں ایک سکائی ڈائیور جہاز سے چھلانگ لگانے کے بعد فضاءمیں ہی اپنے ایک ساتھی سے ٹکرا کر موت کے منہ میں چلا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جنوبی افریقہ کے قصبے ڈیلمس کے قریب پیش آیا جہاں ہلمر بیکر نامی تجربہ کار سکائی ڈائیور نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ جہاز سے چھلانگ لگائی۔فضاءمیں ہی ہلمر کا پیراشوٹ اپنے ساتھی کے پیراشوٹ سے ٹکرا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پیراشوٹ ٹکرانے سے ہلمر بھی اپنے ساتھ سے جا ٹکرایا۔ اس کا سر دوسرے سکائی ڈائیور کے ران سے ٹکرایا اور گہری چوٹ لگنے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ کمیونی کیشن کی سربراہ میری برے کا کہنا ہے کہ ”ہلمر اور اس کے ساتھی کے پیراشوٹ ٹکرانے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ حادثے کے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور تحقیقات کے بعد ہی اس کے متعلق حتمی طور پر کچھ معلوم ہو سکے گا۔“