بھارت کے معروف سابق آل راؤنڈر اور موجودہ کمنٹیٹر آکاش چوپڑا بھی پاکستان کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر بھارتیوں کے نفرت انگیز تبصروں پر شرمندہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی کے وائرس کا شکار ہونے پر تمام کرکٹ برادری اور مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات اور جلد صحت یابی کی دعائیں کی جا رہی ہیں مگر ایسے چند بھارتیوں کی جانب سے انتہائی شرمناک تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس پر پاکستانی تو غصے میں ہیں ہی مگر امن پسند بھارتی بھی شرم سے پانی پانی ہیں۔
بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے اس حوالے سے کہا کہ کیا ہم سنجیدہ ہیں، کیا نزاکت اور انسانیت ماضی کی چیزیں ہوچکی ہیں، انہوں نے شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کیلیے دعا بھی کی۔