امریکہ میں گزشتہ دنوں ایک آدمی نے بحری سفر کے دوران اپنی تین بیٹیوں کے سامنے اپنی بیوی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار ڈالا تھا۔ اب اس سفاک شخص نے دوران تفتیش اپنی اس قبیح حرکت کا ذمہ دار اپنی ذہنی حالت کو قرار دے دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 43سالہ کینیتھ مانزینریریس نامی یہ شخص اپنی اہلیہ کرسٹی کے ہمراہ امریکی ریاست الاسکا میں ایک بحری جہاز میں سفر کر رہا تھا کہ اس دوران دونوں میں جھگڑا ہوا اور کرسٹی نے اس سے طلاق کا مطالبہ کر دیا۔
کرسٹی کے اس مطالبے پر کینیتھ آپے سے باہر ہو گیا اور اسے اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا کہ اس کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ مردانہ جنسی ہارمون ٹیسٹاسٹرون کے سپلیمنٹس لے رہا تھا، جس کی وجہ سے اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں رہتی تھی۔ اپنی اس خراب ذہنی حالت کے پیش نظر وہ خود پر قابو نہ رکھ سکا اور کرسٹی پر حملہ کر دیا۔پراسیکیوٹرز نے عدالت میں بتایا ہے کہ ملزم نے اپنی بیوی کو اٹھا کر بالکونی سے نیچے سمندر میں پھینکنے کی کوشش بھی کی تھی تاہم وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا۔ عدالت میں مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔