بڑھتی عمر کے ساتھ پٹھوں کی کمزوری کی شکایت لازمی ہوتی ہے تاہم اب کنگز کالج لندن کے سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس سے بچنے کا ایک انتہائی آسان طریقہ بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ طریقہ گوشت خوری ہے۔ سائنسدانوں نے ہزاروں لوگوں کی غذائی عادات اور بڑی عمر میں پہنچ کر پٹھوں کی کمزوری کی شکایت کا تجزیہ کرنے کے بعد بتایا ہے کہ جو لوگ گوشت کھاتے ہیں بڑھتی عمر میں ان کے پٹھے طاقتور رہتے ہیں۔
اس کے برعکس جو لوگ سبزی خور ہیں اور پودوں سے حاصل ہونے والے پروٹین لیتے ہیں ان میں بڑھتی عمر میں جا کر پٹھوں کی کمزوری گوشت خوروں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں میں بڑھاپا بھی بہت جلدی آتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر اولیور ویٹرڈ کا کہنا تھا کہ ”جو لوگ گوشت، انڈے اور دیگر ڈیری مصنوعات بہرحال استعمال نہیں کرنا چاہتے، انہیں اپنی خوراک میں گرینز (Grains)، پلسز (Pulses)اور بینز (Beans)کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔ یہ غذائیں انہیں بہت حد تک پٹھوں کی کمزوری سے بچا سکتی ہیں۔ “