کورونا وائرس اس سرعت کے ساتھ پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے کہ ماہرین بھی اس پر انگشت بدنداں ہیں۔ اب اس کے پھیلاﺅ کے حوالے سے یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کے ماہرین نے ایک حیران کن انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے ذمہ دار اس کے صرف 20فیصد متاثرین ہوتے ہیں۔ یہ 20فیصد لوگ 80فیصد لوگوں کو وائرس منتقل کرتے ہیں۔ وائرس سے متاثر ہونے والے 70فیصد لوگ دوسروں کو وائرس بالکل منتقل نہیں کرتے۔
ماہرین نے ان 20فیصد لوگوں کو ’سپر سپریڈرز‘ (Super spreaders)کا نام دیا ہے، جو سپر سپریڈنگ ایونٹس میں شریک ہوتے ہیں۔ بزنس انسائیڈر سے گفتگو کرتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر بین کولنگ کا کہنا تھا کہ ”ہم نے اس تحقیق میں کورونا وائرس کے 1ہزار مریضوں میں وائرس منتقل ہونے کا لنک تلاش کیاجس میں انکشاف ہوا کہ ان میں سے 80فیصد لوگوں کو وائرس سے متاثرہ انتہائی کم لوگوں سے وائرس منتقل ہوا۔ ان لوگوں کی تعداد 20فیصد کے لگ بھگ بنتی ہے جنہوں نے ان 80فیصد کو وائرس منتقل کیا۔ اس تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سماجی فاصلے کی پابندی کے باوجود شہر میں ’سپرسپریڈنگ ایونٹس‘ (مذہبی و سماجی اجتماعات، جم کلاسز، بزنس کانفرنسز وغیرہ)بڑی تعداد میں ہو رہے ہیں۔ اگر ہم ان ایونٹس کو روکنے میں کامیاب ہو جائیں تو کورونا وائرس کا پھیلاﺅ ہمارے اندازے کے مطابق 80فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔“