طارق بن زیادؒ اسلامی تاریخ کا وہ عظیم جرنیل ہے جس نے یورپ میں مسلمانوں کے اقتدار کا آغاز کیا ، اس نے 711 عیسوی میں سپین پر حملہ کیا اور ایک ہی دن میں ایک لاکھ کے عظیم الشان لشکر کو شکست دے کر مسلمانوں کی حکومت کی بنیاد رکھ دی۔ طارق بن زیادؒ کے بارے میں مشہور ہے کہ اس نے جبرالٹر کے مقام پر اترتے ہی کشتیاں جلانے کا حکم دے دیا تھا تاکہ لشکر میں موجود سپاہیوں کیلئے واپسی کے تمام راستے مسدود ہوجائیں۔ مسلمانوں کا لشکر بہت چھوٹا تھا جبکہ مدمقابل دشمن کا لشکر ایک لاکھ سپاہیوں پر مشتمل تھا، اس سے پہلے کہ مسلمان سپاہیوں کے دلوں پر دشمن کی ہیبت طاری ہوتی ، طارق بن زیادؒ نے ایک لیڈر کا کردار ادا کیا اور ایک ایسی تاریخی تقریر کی جس کے بعد مسلمانوں نے قلیل تعداد کے باوجود دشمن کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔