سٹاک ہوم( عارف کسانہ) سویڈش کی عالمی شہرت یافتہ انجینئرنگ یونیورسٹی، رائل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کے ٹی ایچ) سے علی اظہر بٹ نے سڑکوں کی تعمیر اور ان کی کاردگی کی مدت کے شعبہ میں تحقیق کرنے پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ علی بٹ نے پاکستان کے معروف تعلیمی ادارہ نیسٹ سے سول انجنیئرنگ کے بعد کے ٹی ایچ سویڈن سے ماسٹر ڈگری لی۔ ان کی پی ایچ ڈی کی تحقیق سڑکوں کی مدت کارکردگی کے حوالے سے بہت اہم ہے جس سے ان کی دیکھ بھال، تعمیر کے اخراجات میں کمی اور ماحولیات آلودگی سے کافی حد تک بچائو ممکن ہے۔ نقل و حمل کا بنیادی ڈھانچہ کسی بھی معاشرہ کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے بلکہ معاشی ترقی کا ضامن ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور آمدورفت میں اضافہ دوسری جانب ماحولیات کے مسائل بھی پیدا کررہا ہے۔ رائل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سویڈن میں ایک ایسا فریم ورک تیار کیا گیا ہے جس کے تحت تارکول کی سڑکوں کی تعمیر، مدت کارکردگی، منصوبہ بندی، ماحولیات ، تعمیری اخراجات اور دوسرے بہت سے مراحل میں رہنمائی اور معاونت دے سکتا ہے۔ علی بٹ نے یہ تحقیق کے ٹی ایچ کے معروف پرفیسر بیورن بیرگیسن، پروفیسر نکولائی کرنگوس اور ڈاکٹر سوساناٹولر کی نگرانی میں کی ہے جبکہ یونیورسٹی آف واشنگٹن امریکہ کے پروفیسر سٹیفن ٹی میونش نے ان کی تحقیق اور تھیسسز کے حوالے سے حیثیت بیرونی ممتحن سوالات کرکے انہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری کا اہل قرار دیا۔ اس موقع پر خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے علی بٹ نے کہا کہ ان کی تحقیق سے پاکستان میں سڑکوں کی تعمیر میں بہت مدد مل سکتی ہے جہاں ایک طرف بہتر کارکردگی کے ساتھ تعمیر کے اخراجات میں کمی ہوگی اور دوری جانب ماحولیات آلودگی میں کمی واقع ہوگی۔ اگر حکومت پاکستان یا وہاں کے کسی ادارہ نے ان کی تحقیق سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا تو وہ ملکی خدمت سرانجام دینے میں فخر محسوس کریں گے۔