علی بابا کے بانی جیک ما چینی حکومت پر تنقید کرنے کے بعد پراسرار طور پر ’غائب‘ ہو گئے۔ میل آن لائن کے مطابق جیک مانے گزشتہ سال اکتوبر میں ایک فنانشل ٹیکنالوجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی ریگولیٹرز اور ریاستی بینکوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور برطانوی اخبار کا دعویٰ ہے کہ وہ اکتوبر سے ہی منظرعام سے غائب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جیک ما اس تنقید کے بعد سے اپنی ہی رئیلٹی ٹی وی شو میں بھی نظر نہیں آ رہے۔ نومبر میں اس رئیلٹی شو کا فائنل تھا، جس کے متعلق اکتوبر میں جیک ما نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر لکھا تھا کہ وہ فائنل کے امیدواروں سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں تاہم وہ اس فائنل شو میں نظر نہیں آئے۔ اس کے بعد سے ان کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بھی کوئی ٹویٹ نہیں کی گئی، حالانکہ وہ باقاعدگی سے روزانہ متعدد ٹویٹس کیا کرتے تھے۔
واضح رہے کہ چین کے حکومتی اداروں کی طرف سے اتنا بتایا گیا ہے کہ وہ جیک ما کی اجارہ داری اور علی بابا کی ’دو میں سے ایک کا انتخاب کرو‘ کی پالیسی کی تحقیقات کر رہے ہیں، جس کے ذریعے مبینہ طور پر جیک ما دیگر ای کامرس پلیٹ فارمز کا استحصال کر رہے ہیں۔