نامزد وزیر اعظم عمران خان سمیت نومنتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھاچکے ہیں۔ عمران خان کو سرکاری پروٹوکول میں بنی گالہ سے قومی اسمبلی لایا گیا جہاں آتے ہی اسمبلی کے اہلکار انہیں ایک مخصوص جگہ پر لے گئے اور ان کی تصاویر بنائیں۔
نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے مطابق نومنتخب ارکان کے اسمبلی کارڈ کیلئے پورا فوٹو سٹوڈیو تیار کیا گیا تھا ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسمبلی پہنچے تو انہوں نے صرف شلوار قمیض پہن رکھی تھی اس موقع پر فوٹو گرافر نے اپنی واسکٹ اتار کر عمران خان کو پہنائی اوران کا پوز درست کراتا رہا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ واضح رہے کہ عمران خان کی یہ تصاویر قومی اسمبلی کے ریکارڈ کےلئے لی گئی ہیں۔