کرکٹ ہو یا فٹ بال۔۔ ہر کھیل کے مداح اپنی پسندیدہ ٹیموں کے میچ دیکھنے کے لیے کام سے یا سکول و کالج سے چھٹی مار لیتے ہیں اور یہ معمول کی بات ہے تاہم گزشتہ دنوں برطانیہ میں 8اور 5سالہ بہن بھائی نے برطانوی فٹ بال ٹیم کا یورو2020ءمیں سیمی فائنل دیکھنے کے لیے گھر میں پھڈا ڈال دیا اور بالآخر ماں باپ کو انہیں رات دیر تک جاگنے کی اجازت دے دی گئی اور ان کی ماں نے دونوں کے ٹیچرز کے نام ایک خط لکھ دیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق 28سالہ جیزی کولنز نامی اس لڑکی کا تعلق برطانوی شہر پیٹربرا سے ہے، چونکہ انگلینڈ بمقابلہ ڈنمارک سیمی فائنل برطانوی وقت کے مطابق رات کو ہو رہا تھا اور اگلی صبح جیزی کے بچوں چارلی اور اس کی بہن نے سکول بھی جانا تھا لہٰذا جب دونوں بچوں نے میچ دیکھنے کی ضد کی تو ماں باپ نے انہیں منع کر دیا جس پر دونوں بچوں نے باقاعدہ بحث شروع کر دی۔
چارلی اور اس کی بہن نے دلیل دی کہ آج انگلینڈ یورو2020ءمیں سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔ اگلی بار نجانے کب یہ موقع آئے۔ ہو سکتا ہے آئندہ انگلینڈ 30سال بعد اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچے۔ لہٰذا ہم یہ موقع نہیں کھونا چاہتے۔ ہم ہر حال میں یہ میچ دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس دلیل پر ماں باپ نے ہتھیار ڈال دیئے اور انہیں میچ دیکھنے کے لیے معمول سے زیادہ دیر تک جاگنے کی اجازت دے دی۔
بچوں کو اجازت دینے کے ساتھ ہی جیزی نے ان کے ٹیچرز کو ایک خط لکھااور اس میں بچوں کی اسی دلیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ”میں آپ سے پیشگی معذرت کرتی ہوں کیونکہ میچ کی اگلی صبح ہمارے دونوں بچے نیند میں ڈوبے ہوں گے، نہ انہیں ریاضی کے مشکل سوالات آئیں گے اور نہ ہی وہ انگریزی پڑھ سکیں گے۔ وہ دن بھر سکول میں ’زومبی‘ بن کر گھومتے رہیں گے اور ’اِٹس کمنگ ہوم‘ گاتے پھریں گے۔ہمارے گھر میں بچے ساڑھے سات سے 8بجے سو جاتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اس کے بعد ان کے ماں باپ کا موج مستی کا وقت شروع ہو جاتا ہے تاہم میچ کی رات ہم نے انہیں دیر تک جاگنے کی اجازت دے دی ہے اور ایک دن کے لیے اپنا وقت قربان کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں، چنانچہ آپ بھی اگلے دن سکول میں بچوں کے نیند کے خمار میں کی جانے والی غلطیوں سے درگزر کیجیے گا۔ اس کے لیے میں ایک بار پھر پیشگی معذرت کرتی ہوں۔“
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اس سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ڈنمارک کو 2ایک سے شکست دے ڈالی ہے اور فائنل میں پہنچ گیا ہے۔