چین میں ایک سوشل میڈیا سٹار لڑکی نےلائیو ویڈیو سٹریمنگ کے دوران مداحوں کی جانب سے اکسائے جانےپر کیڑے مار دوا پی کر خود کشی کرلی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہونان سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ ژیاؤ ماؤ جو کہ لو کے نام سے مشہور ہیں، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ڈوئین پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی اور اپنے چھ لاکھ 78 ہزار مداحوں کو بتایا کہ وہ ڈپریشن میں مبتلا ہیں ۔ ہوسکتا ہے کہ یہ ان کی آخری ویڈیو ہو۔
انفلوئنسر کی طرف سے ویڈیو میں کہا گیا کہ وہ لائیو سٹریم کے دوران اپنے ڈپریشن میں جانے کی وجہ بتائے گی۔ لو نے جب لائیو سٹریمنگ شروع کی تو مداحوں نے ان کے پاس کیڑے مار دوائی دیکھی۔ بعض مداحوں نے اسے اکسایا کہ وہ یہ زہر پی لے۔ سوشل میڈیا فالورز کی جانب سے اکسائے جانے پر لو نے بوتل منہ سے لگالی جس کے بعد اس کی حالت خراب ہوگئی۔ اسے ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔
ژیاؤ ماؤ کے والدین اور دوستوں کا کہنا ہے کہ اس کا خود کشی کا کوئی ارادہ نہیں تھا، اس نے زہر کی بوتل اپنے سابق دوست کو ڈرانے کیلئے رکھی ہوئی تھی لیکن مداحوں نے اسے یہ پینے پر اکسایا۔ لو کے والدین نے پولیس سے رابطہ کرکے ان تمام لوگوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی ہے جنہوں نے ان کی بیٹی کو زہر پینے کیلئے اکسایا۔