اداکار اعجاز اسلم کو ڈرامہ سیریل ’لوگ کیا کہیں گے‘ میں خودکشی کے سین کے دوران حقیقت میں پھندا لگ گیا۔اعجاز اسلم نے حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’لوگ کیا کہیں گے‘ کا خودکشی کا ایک سین شیئر کیا جس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ اس ڈرامے میں حسیب کا سفر اپنے اختتام پر پہنچ گیا لیکن یہاں میں ایک بات بتانا چاہتا ہوں کہ اس خودکشی کا سین کرنے کے دوران مجھےشدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خودکشی کے سین کے دوران رسی کے نیچے حفاظتی بیلٹ پہنی ہوئی تھی جوکہ اس دوران ٹوٹ گئی تھی جس کی وجہ سے رسی بری طرح گردن میں پھنس گئی تھی۔
اعجاز اسلم نے یہ بھی بتایا کہ آخر کے چند سیکنڈ میرے لیے بہت ہی خطرناک تھے کیوں کہ اس دوران میرے پاؤں سن ہونا شروع ہو گئے تھے، سانس آنا بند ہو گئی تھی یہاں تک کہ چکر آنا شروع ہو گئے تھے۔ پھندہ اتنا سخت لگا تھا کہ کچھ ماہ تک کھانا نگلنا بھی دشوار ہو گیا تھا۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ ان لمحات میں مجھے خودکشی کا حقیقی احساس ہوا تھا۔ اب میں سوچ رہا ہوں کہ لواحقین کس کرب سے گزرتے ہوں گے جو اپنے پیارے کو اس تکلیف دہ لمحات سے گزرتا دیکھتے ہوں گے۔