مراکش کے بادشاہ محمد ششم کی 28سالہ بھانجی لیلیٰ نوحیلا رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ میل آن لائن کے مطابق لیلیٰ کی شادی ویلنٹائنز ڈے پر علی الحاجی کے ساتھ ہوئی۔ کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کے پیش نظر شادی کی تقریب بہت مختصر رہی، جس میں دولہا دلہن کے خاندان کے افراد اور دوستوں نے ہی شرکت کی۔ لیلیٰ نوحیلا بادشاہ محمد ششم کی بہن شہزادی لیلیٰ عصمہ کی صاحبزادی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شادی میں دولہا نے مراکش کا روایتی لباس زیب تن کیا جبکہ دلہن نے گہرے سبز رنگ کا سونے کے تاروں سے مزین گاﺅن پہنا۔ دولہا دلہن کی ایک تصویر بھی جاری کی گئی ہے جس میں دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام رکھا ہوتا ہے۔ اس تصویر میں دلہن نے دیدہ زیب عروسی جوڑے کے ساتھ سر پر ایک تاج بھی پہن رکھا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ لیلیٰ نوحیلا کے پاس شہزادی کا اعزاز یا دیگر کوئی شاہی لقب نہیں ہے تاہم انہیں اعزازی طور پر لیلیٰ شریفہ کا اعزازی ٹائٹل دیا گیا ہے۔