سپرمین، نیٹ ورک اور ٹوائے سٹوری تھری جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کرنے والا اداکار نیڈ بیٹی (Ned Beatty)دنیا سے رخصت ہو گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق لیجنڈ نیڈ بیٹی کی عمر 83سال تھیں۔ انہوں نے دہائیوں تک ہالی ووڈ میں کام کیا اور انہیں ہالی ووڈ کے مصروف ترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا تھا۔
نیڈ بیٹی 6جولائی 1937ءکو پیدا ہوئے تھے۔ ان کی موت ان کے گھر میں ہی واقع ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ نیند میں ہی دنیا سے چل بسے اور ان کی موت کا کورونا وائرس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیڈ بیٹی کی آواز بہت اچھی تھی اور وہ نوعمری میں گلوکار بننا چاہتے تھے۔ انہوں نے گلوکاری کی تربیت بھی لی مگر پھر 19سال کی عمر میں ہی انہیں ایک فلم میں اداکاری کی پیشکش ہوئی اور اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔