معروف برطانوی گلوکار ٹائی کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔ میل آن لائن کے مطابق 47سالہ ٹائی کو اپریل میں موذی وائرس لاحق ہوا اور حالت تشویشناک ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں انہیں ڈاکٹروں نے دواﺅں کے ذریعے کئی دن تک بے ہوش رکھا کیونکہ ان کے لیے سانس کی تکلیف ناقابل برداشت ہو چکی تھی اور دیگر کئی طبی پیچیدگیاں بھی تھیں۔
اس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق چند دن وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد ان کی حالت بہتر ہو گئی اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ سے باہر منتقل کر دیا گیا لیکن اگلے دو دن بعد ان کی حالت ایک بار پھر تشویشناک ہو گئی اور ان کی موت واقع ہو گئی۔ ان کی موت کا اعلان ان کی ٹیم کی طرف سے کیا گیا ہے۔ ٹائی کا اصل نام ’بین شیجیوکی‘ تھا۔ انہیں ان کے بہترین میوزک کی وجہ سے مرکری پرائز کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔