اردو فلک نیوز ڈیسک
صوبہ اوسفولڈ کے شہر آشم میں ہفتہ کی شام ملٹی کلچرل پس منظر رکھنے والے بچوں اور ماؤں کے لیے فٹ بال کلب میں ایک تقریب کا اہتمام میں کیا گیا۔تقریب میں پچاس کے قریب ماؤں اوربچوں نے حصہ لیا۔ جن کا تعلق شہر آشم اور اوسلو سے تھا۔تقریب میں شریک بچوں اور ماؤں کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔ان ممالک میں عراق،شام فلسطین، ترکی چیچنیا،کردستان ،ناروے اورپاکستان کے ممالک شامل ہیں۔تقریب کا مقصد ماؤں اور بچوں کو اپنے اپنے ممالک کی تہذیب و ثقافت کو مختلف طریقوں سے اجاگر کرنا اور ایک ملٹی کلچرل پلیٹ فارم مہیاء کرنا تھا۔ تاکہ نارویجن معاشرے کو دوسرے ممالک کی تہذیب سے بھی روشناس کرایا جا سکے نارویجن معاشرہ تارکین وطن کو ایک نئے زاویہ اور رنگ کے ساتھ اپنے اندر سما سکے۔ اس مقصد کو اجاگرکرنے کے لیے خواتین اپنے اپنے ملک کی ڈشز بنا کرلائیں۔تمام خواتین اور بچوں نے اپنے ثقافتی لباس زیب تن کیے اور اپنے اپنے ممالک کے جھنڈے لے کر آئے اور اپنے ملکوں کے گیت سنائے۔تقریب کا اہتمام تین خواتین کی ٹیم نے مل کر کیا تھا۔جن میں شازیہ عندلیب نوشین
عاشق اور سلمیٰ علی شامل ہیں۔
پروگرام کا آغازاوسلو کی گیارہ سالہ زارا کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔اس کے بعد مائرہ عابد نے نعت ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا پڑہی۔مائرہ کے بعد عراقی بچی فاطمہ نے اپنی ساتھی توشیبا کے ساتھ مل کر ایک ڈیڑھ ہزار سالہ قدیم عربی نعت پڑھی،بلاغل بدرو علئیناء، یہ نعت شریف اس موقع پرپڑھی گئی تھی جب نبی پاک نے مکہ سے مدینہ کی جانب ہجرت فرمائی تھی۔نعت کے بعد پاکستانی اور عراقی بچی نے نارویجن سفری گیت سنایا۔۔ اس کے بعد پاکستانی ترانہ جیوے پاکستان سب نے گایا۔ جبکہ سب بچوں نے ہاتھوں میں پاکستانی اورنارویجن جھنڈے پکڑے۔جیوے پاکستان کے بعد پاکستانی خواتین نے پاکستان کا قومی ترانہ مل کر گایا۔ جبکہ عراقی خواتین نے عربی ترانہ کورس میں سنایا جس پرتقریب میں
موجود تمام شرکاء جھوم اٹھے۔
اس کے بعد کھانے کا وقفہ دیا گیا۔تقریب میں شریک خواتین اور بچے مختلف ممالک کی لذیذ اورمنفرد ذائقوں اور ڈشز سے لطف اندوز ہوئیں۔کھانے کے بعد پروگرام کا دوسرا حصہ شروع ہوا۔اس حصے میں بچوں اور خواتین کے مابین مختلف انعامی مقابلوں کے کھیل رکھے گئے۔پہلے کھیل میں ماں اور بچے کے درمیان خالی بوتلیں کیچ کرنے کا مقابلہ تھا۔ ۔اس کھیل میں سب نے بہت جوش و خروش سے حصہ لیا اور اس کے چار راؤنڈ کیے گئے۔جس میں جیتنے والے بچے اور ماں کو انعام دیا گیا۔
دوسرے کھیل میں شہر آشم کے بارے میں کوئز تھا۔درست جواب دینے والی ماں اور بچے کے لیے انعامی گفٹ کارڈز تھے۔ پروگرام کے اختتام میں تمام بچوں کے درمیان میوزیکل چئیر کا کھیل کھیلا گیا۔جیتنے والے اور تقریب میں شامل تمام بچوں کو انعامات اور تحفے دیے گئے۔
Source:urdufalakn.net newsdesk