ڈینگی نے ملک میں تیزی سے پنجے گاڑنا شروع کر دیے۔ اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 افراد ڈینگی سے جاں بحق ہوئے اور ڈینگی وائرس سے 141 افراد متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ڈینگی کے مجموعی کیسزکی تعداد 2 ہزار 230 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 78 کیسز رپورٹ ہوئے۔خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈینگی کے 241 کیسز رپورٹ ہوئے۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کے فعال کیسز کی تعداد ایک ہزار 624 ہو گئی۔محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 286 ہو گئی ہے۔