بھارتی حکومت نے یومِ جمہوریہ کے موقع پر مختلف شعبوں میں کار ہائے نمایاں سرانجام دینے والے بھارتی شہریوں کیلئے سول اعزازات کا اعلان کردیا ۔ یہ اعزاز ات حاصل کرنے والوں میں گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندر پچائی اور مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیا نڈیلا بھی شامل ہیں۔
بھارتی حکومت نے دونوں سی ای اوز کیلئے پدما بھوشن ایوارڈ کا اعلان کیا ہے جو کہ بھارت کا تیسرا سب سے بڑا سول اعزاز ہے۔ مجموعی طور پر بھارتی حکومت نے رواں سال 128 افراد کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان کیا ہے جن میں سے 34 خواتین ہیں۔
بھارتی حکومت نے چار افراد کیلئے دوسرے اعلیٰ ترین ایوارڈ پدما وی بھوشن کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف آنجہانی جنرل بپن راوت بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 17 افراد کو تیسرا اعلیٰ ترین ایوارڈ پدما بھوشن اور 107 افراد کو چوتھا اعلیٰ ترین ایوارڈ پدما شری دیا جائے گا۔