ممبئی : مولانا الیاس خان فلاحی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے کل سے شروع ہونے والے لوک سبھا کے عام انتخابات کے پیش نظر ریاست کے ووٹروں کیلئے اپیل جاری کی ہے ۔اپنی اپیل میں امیر حلقہ نے کہا ’’بھارت میں جمہوریت کے جشن یعنی عام انتخابات کی شروعات کل ۱۹؍اپریل سے ہورہی ہے اور یکم جون کو اس کا اختتام ہوگا ۔پورے بھارت میں سات مراحل میں انتخابی عمل مکمل ہوں گا۔اور ۴؍ جون کو ان انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوگا ‘‘۔واضح ہوکہ مہاراشٹر میں ۱۹؍اپریل سے ۲۰؍ مئی کے درمیان کل پانچ مراحل میں ووٹنگ ہوگی ۔عدل ، آزادی ،مساوات اور بھائی چارگی کو جمہوریت کی بنیاد بتایا جاتا ہے، جسے ہمارے دستور میں بنیادی حقوق کے طور پر جگہ دی گئی ہے ۔ انتخابات ان حقوق کے تحفظ کا بہترین ذریعہ ہے جس کے ذریعہ ہم ایک ایسی حکومت منتخب کرنے کیلئے آزاد ہیں جو ہمیں مکمل آزادی فراہم کرے ۔اس لئے ضروری ہے کہ تمام شہری اور خصوصی طور مسلم اقلیت کے تمام مرد و خواتین اس جمہوریت کے جشن یعنی انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں ، تاکہ ہم ایسی حکومت منتخب کرنے میں حصہ دار بنیں جو ملک کے موجودہ منافرت بھرے ماحول کو عدل و مساوات کے ماحول میں تبدیل کردے ۔
امیر حلقہ نے پریس کیلئے جاری بیان میں کہا ہے کہ آپ کا ووٹ آپ کی آواز ہے ، اور یہ ملک کو صحیح سمت دے سکتا ہے ۔ آپ کا ووٹ آپ کے معاشرے کے مفادات اور خدشات کو حکومت کے ذریعہ آپ کے لئے بنائی جارہی تمام پالیسیوں میں جگہ دلواتا ہے ۔آپ کا ووٹ ملک میں امن و امان کے قیام کا سب سے بہترین ذریعہ ہے ۔
مولانا الیاس خان نے زور دے کر کہا ’’اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کانام ووٹر لسٹ میں رجسٹرڈ ہے ،اگر نہیں تو آن لائن رجسٹرڈ کرالیں ۔تمام لوگوں کو ووٹ کی اہمیت بتائیں اور ووٹ دینے کیلئے بیدار کریں ۔”ووٹ دینے کیلئے آپ کا نام ووٹر لسٹ میں رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے ، شناخت کیلئے ووٹر آئی ڈی کی فہرست دی گئی ہے۔ ۱۲ قسم کی آئی ڈيز میں سے کوئی ایک آئی ڈی کارڈ لے جاسکتے ہیں مثلاًآدھار کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس،فوٹو کے ساتھ بینک پاس بک وغیرہ ۔آخری لمحات کی بھیڑ سے بچنے کیلئے پولنگ بوتھ پر وقت سے پہنچیں ۔ووٹ خود بھی دیں اور دوسروں سے بھی دلوائیں ، اپنے محلے و پڑوس کے لوگوں کیلئے بوتھ تک پہنچنے کا نظم کریں ۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے اپنے بیان میں اپیل کی ہے کہ عدل ،آزادی، مساوات اور بھائی چارہ کے لئے متحد رہیں اور ووٹ کو تقسیم نہ ہونے دیں ، یہی ہماری سب سے بڑی قوت ہے ۔ آپ کا ووٹ صرف اس الیکشن میں ہی نہیں آئندہ الیکشن کی پلاننگ میں بھی بہت کام آتا ہے ، اس لئے صد فیصد ووٹنگ کو یقینی بنائیں ۔ہر ایک خاتون کو ووٹ کی اہمیت بتائیں اور ان سے ووٹ دلوائیں ، سرپرست حضرات کو اس کام میں ان کے لئے سہولت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا الیاس خان نے سماج کی اہم شخصیات سے اپیل کی ہے کہ رائے عامہ ہموار کرنے اور ووٹنگ کو صد فیصد یقینی بنانے کے لئے سماجی کارکنان اور دانشمند طبقہ آگے آئیں اور اپنا قومی و ملی فریضہ ادا کریں۔ ہر ووٹ کی اہمیت ہے اور ہر آواز ایک مضبوط ، زیادہ پرامن معاشرہ کی تعمیر میں اہمیت رکھتی ہے ۔آئیے ہم اکٹھے ہوکر اپنے جمہوری حق کا استعمال کریں اور اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔