وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مولانا عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ انڈیا کی پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے کی سازش ہے۔
مولانا ڈاکٹرعادل خان کی شہادت کے افسوسناک واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جامعہ فاروقیہ کے مولانا عادل کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے۔ میری حکومت جانتی ہے اور میں نے بار بار ٹی وی پر بھی یہ کہا ہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے انڈیا اس کوشش میں ہے کہ شیعہ اور سنی علماء کو قتل کرکے ملک بھر میں فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہم نے ایسی کئی کوششوں کو ناکام بنایا ہے، ہماری خفیہ ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قتل کے ملزموں کو بھی گرفتار کرلیں گے۔
وزیر اعظم نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام مسالک کے علماء اس بات کو یقینی بنائیں کہ انڈیا کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اس مذموم سازش کو کامیاب نہ ہونے دیں۔