یوکرین میں ایک آدمی کے گھر کو جانے والی سڑک برف سے اٹی پڑی تھی جسے صاف کروانے کے لیے اس نے ایسی حرکت کر ڈالی کہ سن کر ہنسی روکنا مشکل ہو جائے۔ دی گارڈین کے مطابق اس آدمی نے پولیس کو کال کر دی کہ اس نے اپنی ماں کے بوائے فرینڈ کو سینے میں خنجر گھونپ کر قتل کر دیا ہے۔ اس اطلاع کے ساتھ اس نے پولیس کو یہ وارننگ بھی دے دی کہ انہیں اس کو گرفتار کرنے کے لیے ساتھ برف ہٹانے والی گاڑی بھی لانی پڑے گی کیونکہ اس کے گھر کا راستہ برف کی وجہ سے بند پڑا ہے۔
پولیس برف صاف کرتی ہوئی جب اس آدمی کے گھر تک پہنچی تو کیا دیکھتی ہے کہ اس کی ماں کا بوائے فرینڈ گھر میں زندہ و سلامت موجود تھا۔ پولیس جونہی گھر پر پہنچی، اس آدمی نے اعتراف کر لیا کہ اس نے جھوٹی کال کی تھی اور درحقیقت وہ اپنے گھر کو آنے والی سڑک صاف کروانا چاہتا تھا۔رپورٹ کے مطابق پولیس کی طرف سے اس آدمی کو جھوٹی کال کرنے کے جرم میں ممکنہ طور پر 119ہرونیا(تقریباً684روپے)جرمانہ کر دیا گیا۔واضح رہے کہ یوکرین میں ان دنوں شدید برفباری ہو رہی ہے اور اکثر علاقوں میں 20انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔