وسیم ساحل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف ڈبلیو او کے تعاون سے طورخم جلال آبادروڈ کی تعمیر شروع کردی گئی ہے، افغان شہر جلال آباد میں روڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کی گئی، تقریب کا اہتمام افغانستان کی وزارت پبلک ورکس نے کیا، تقریب میں قائم مقام گورنر ننگرہار حنیف گردیوال نے بھی شرکت کی، جب کہ پاکستان کی جانب سے ڈی جی ایف ڈبلیو او اور سفیر سید ابرار حسین نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف ڈبلیو او نے روڈ کے کام کا آغاز کردیا، 75کلومیٹر طویل سڑک پشاور میں جی ٹی روڈ سے منسلک ہوگی، جب کہ سڑک کی تعمیر کے تمام اخراجات پاکستان برداشت کرے گا، سڑک تمام اقسام کی ہیوی ٹریفک کیلئے کارآمد ہوگی، اور سڑک کے راستے میں 7 پل، 6 انڈر پاس بھی تعمیر ہوں گے۔واضح رہے کہ طورخم جلال آباد روڈ کی تعمیر کیلئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے حالیہ دورہ کابل کے موقع پر ہدایات جاری کی گئی تھیں ۔