نارووال میں امام احمد رضا خان کی خدمات کے بارے میں پروگرام 

جماعت اہلسنت گوجرانوالہ ڈویژن کے امیر علامہ الحاج پیر قاضی محمد یعقوب رضوی نے کہا ہے کہ فروغ عشق رسولﷺ کے سلسلے میں حضرت امام احمد رضا خان بریلوی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ،آپؒ نے شاعری کے ذریعے لاکھوں دلوں میں عشق رسولﷺ کی شمع کو روشن کیا اور اپنے عمل و کردار سے شجر اسلام کی آبیاری فرمائی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت جامع مسجد شاہ جماعت میں صد سالہ جشن و عرس امام احمد رضا خان بریلویؒ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام احمد رضاخان ؒ پورے عالم اسلام کے لئے باعث فخر و افتخار ہیں جنہوں نے اپنے قلم سے عشق مصطفیﷺ کی شمع کو نگر نگر گلی گلی روشن کیا۔ فتنوں کی بیخ کنی اور فساد امت کے ذمہ دار مفسدین کو بے نقاب کرنے کے لئے امام احمد رضاخان بریلوی نے فقہی بصیرت اور مدبرانہ فراست کے ذریعے ملت کی رہنمائی کا جو فریضہ انجام دیا ہے وہ صرف آپؒ ہی کا خاصہ ہے ۔آپؒ نے عشق رسولﷺ کی جو شمع فروزاں کی ہے وہ آج بھی ملت اسلامیہ کے لئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہے ۔حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی کا سینہ علوم و معارف کا خزینہ اور دماغ فکر و شعور کا گنجینہ تھا ،آپؒ اعلیٰ اخلاق وکردار ،قدیم و جدید علوم و فنون میں مہارت ،تصانیف کی کثرت ،فقہی بصیرت ،احیائے سنت کی تڑپ،قوانین شریعت کی محافظت،زہد وعبادت اور روحانیت میں بے مثل و بے مثال تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی 24اکتوبر کو جامع مسجد شاہ جماعت میں حضرت امام احمد رضا خان کا عرس مبارک نہایت عقیدت و احترام اور شان و شوکت کے ساتھ منایا جائے گا،آپؒ کے صد سالہ جشن کے انتظامات اور دعوت کے سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گیءں۔تقریب 24اکتوبر بدھ بعد نماز عشاء منعقد ہوگی جس میں مقامی علماء و نعت خواں حضرات کے علاوہ علامہ پیر محمد داؤد رضوی امیر جماعت رضائے مصطفیﷺ پاکستان اور علامہ ٖڈاکٹر مفتی خادم حسین خورشید الازہری بانی و سربراہ ادارہ وحدت اسلامیہ پاکستان خصوصی خطاب کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں