اوسلو(عقیل قادر) اللہ کے محبوب پیغمبر نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی صفات اور عظمتوں کا چرچا پورا سال ہی انکے چاہنے والے کرتے ہیں مگر ماہ ربیع الاول شروع ہوتے ہی ذکر مصطفی ﷺ عروج پر پہنچ جاتا ہے جس طرف بھی نگاہ اٹھائیں ہر طرف لوگ ماہ میلاد کی محافل منعقد کرتے نظر آتے ہیں اور زبان پر درودو سلام کے نغمات سجائے رکھتے ہیں۔ غوثیہ مسلم سوسائٹی اوسلو نے جشن میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے ایک نہایت خوبصورت محفل منعقد کی جس میں برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے مفکر اسلام مفسر قرآن سرپرست اعلیٰ جامعہ الکرم انگلینڈ علامہ پیرزادہ امداد حسین نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں عاشقان رسولﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پروگرام کی نقابت کے فرائض نوجوان عالم دین علامہ قاری نجیب الرحمن ناز نے خوبصورت انداز میں ادا کیے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا جس کی سعادت قاری خالد محمود نے حاصل کی اور انتہائی خوبصورت اور دل نشیں انداز میں تلاوت قرآن پڑھنے کا شرف حاصل کیا ۔ نعت رسول مقبول ﷺ عامر حفیظ اور حاجی محمد اشرف نے پیش کی۔ جشن میلاد النبی ﷺ کی محفل سے پیرزادہ محمد امداد حسین نے علمی ، روحانی، فکری اور تربیتی خطاب فرمایا جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کی شب آقا ئے نامدار حضرت محمد مصطفی ﷺ کی آمد سے زمین پر تاریکیاں ختم ہوئیں اور ظلمتوں کو نورانیت ملی اور کائنات کا ذرہ ذرہ چمکنے دھمکنے لگا۔وہ ہستی جس کا عشق ہی زندگی ہے اور جس سے دوری موت ہے۔ وہ ہستی جس کی محبت ایمان ہے اور محبت کی محرومی سے ایمان مکمل اور کامل نہیں ہو سکتا، وہ ہستی جس سے عقید ت اور محبت نجات ہے اور دوری ہلاکت ہے۔ وہ ہستی جو اس وقت زندہ بھی ہے حاضر بھی ہے اور ناظر بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عشق رسول ﷺ ہی ہماری زندگی ہے ہمیں چاہیے کہ اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ہم اپنی زندگیوں میں تبدیلی لائیں تاکہ ہم حقیقی معنوں میں میلاد منانے کا مقصد حاصل کر سکیں۔ پروگرام کا اختتام جس سہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند اس دل افروز ساعت پہ لاکھوں سلام سے ہوا۔