ناروے۔پاکستان عوامی تحریک ناروے کاسانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف اوسلو میں پاکستانی ایمبیئسی کے سامنے پُرامن احتجاجی مظاہرہ
رپورٹ ۔ عقیل قادر۔نمائندہ دنیا نیوز۔ناروے۔
پاکستان عوامی تحریک ناروے نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دو سال گذر جانے کے باوجود متاثرین ماڈل ٹاؤن کو انصاف نہ ملنے پر اور حکومت پنجاب کی اپنی مرضی کی بنائی ہوئی جے آئی ٹی رپورٹ کے خلاف اوسلو میں پاکستانی ایمبیئسی کے سامنے سخت بارش کے باوجود زبردست پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت اور میاں نواز شریف کے خلاف نعرے بازی کی اور متاثرین ماڈل ٹاؤن کے لیے ارباب اختیاراور بالخصوص آرمی چیف جنرل رحیل شریف سے انصاف کی اپیل کی۔پُرامن مظاہرے کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول ﷺ سے قاری عنصر علی قادری نے کیا جبکہ مظاہرے سے علامہ اقبال فانی ، عوامی تحریک کے رہنما ناصر علی اعوان اور طاہرہ فردوس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو دو سال گذر جانے کے باوجود لواحقین کو انصاف نہ ملنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حکمران اس سانحے کے منصوبہ کار اور ذمہ دار ہیں۔ احتجاج میں پاکستان عوامی تحریک ، منہاج القرآن و منہاج ویمن لیگ ، پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ دیگر تنظیمات کے کارکنان نے بھی ماڈل ٹاؤن کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے شرکت کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مظاہرین نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین ماڈل ٹاؤن کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کیا اور اختتامی دعا منہاج القرآن اوسلو کے حافظ صداقت علی قادری نے کرائی۔