اوسلو(عقیل قادر) اسلامک کلچرسنٹر اوسلو کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے ایک عظیم الشان سیرت النبیﷺ کانفرنس و محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مولانا فضل ہادی حسن اور فصیح الدین رحمن نے حاصل کی۔ حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں پاکستان سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے قاری انصر علی قادری اور اوسلو کے معروف نعت خواں وقاص میر نے بہت ہی خوبصورت انداز میں نعتیں پیش کیں اور محفل میں ایک سماء باندھ دیا۔ حاضرین جھوم جھوم کر حضور نبی کریم ﷺ پر درودوسلام بھیجتے رہے اور نعت خوانوں کے ساتھ مل کر نعتیں بھی پڑھتے رہے۔ سیرت کانفرنس کے مہمان خصوصی اسلامک مشن برطانیہ کے امام و خطیب مولانا حافظ محمد سعید تھے جنہوں نے نہایت خوبصورت اور عام فہم انداز میں حضورنبی کریم ﷺ کی سیرت کو بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عشق مصطفی ﷺ ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اور ہم پیغمبر انقلاب کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت کی کامیابی سمیٹ سکتے ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ کی محبت سے دلوں کو منور کرنے کے لیے سیرت مصطفی ﷺ کو اپنانا ہو گا۔ سیرت کانفرنس سے اسلامک کلچر سنٹر ناروے کے مقامی قائدین نے بھی خطاب کیااور کلچر سنٹر کے تحت مختلف نظامتوں کا تفصیلی تعارف بھی پیش کیا۔ سیرت کانفرنس کے موقع پر حاضرین کے لیے بہترین ریفریشمنٹ کا اہتمام موجود تھا۔