ا وسلو(عقیل قادر)خوشگوار اور حسین زندگی ہر انسان کا خواب ہے وہ آگے بڑھنا چاہتا ہے ترقی کرنا چاہتا ہے اورخوشگوار زندگی گذارنا چاہتا ہے۔ ازدواجی زندگی کو کامیاب کیسے بنایا جائے کے موضوع پرپیپل ان فوکس (Peopel in focus) کے زیر اہتمام اوسلو میں ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پیپل ان فوکس کے رہنما سید جمیل احمد، منظو ر حسین اور انکی ٹیم نے حصہ لیا۔ ورکشاپ میں پاکستان، ناروے، فن لینڈ، انگلینڈ، تھائی لینڈ، ساؤتھ افریقہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں تھیوری کے علاوہ پلے رول کے ذریعے بھی بتایا گیا کہ ازدواجی زندگی کیسے بہتر بن سکتی ہے۔ منظور حسین نے بتایا کہ خوشگوار زندگی گذارنے کے لیے بہت ضروری ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ بہترین کمیونیکشن ہونی چاہیے، ایک دوسرے کو ہر معاملے میں اعتماد میں لیا جائے، مثبت سوچ رکھی جائے، اکھٹے وقت گذارا جائے، ایک دوسرے کو تحفے دیئے جائیں، جاب کے علاوہ مختلف کام مل جُل کر کیے جائیں، ایک دوسرے سے اچھے اخلاق سے پیش آیا جائے، ایک دوسرے کی تعریف کی جائے، ایک دوسرے کے ساتھ مسکرا کر ملا جائے جیسے کام کرنے سے ایک بہترین ازدواجی زندگی کا آغاز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں طلاق کی شرح بہت زیادہ بڑھ رہی ہے جو تشویش ناک بات ہے اور ہمیں اپنے روئیوں کو تبدیل کرنا ہو گا اور خوشگوار ماحول بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ پیپل ان فوکس کے مرکزی رہنما سید جمیل احمد نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیااور بتایا کہ ایسی ورکشاپ کا مقصد معاشرے میں بڑھتی ہوئی طلاق کی شرح کو روکنا مقصود ہے