اوسلو(عقیل قادر)مرکزی جامع مسجد اہلسنت گذشتہ کئی دہائیوں سے ناروے میں مسلم و غیر مسلم کمیونٹی کے لیے توحید اور عشق رسولﷺ کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے ۔ مرکزی جماعت اہلسنت کا مرکز پورے یورپ بھر میں خوبصورت ترین مراکز میں سے ایک ہے جس میں کم و بیش ایک وقت میں پانچ ہزار افراد نماز ادا کر سکتے ہیں ۔ مرکزی جماعت اہلسنت نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی بڑی عقیدت و محبت اور شان و شوکت سے سہہ روزہ جشن میلاد کا انعقاد کیا۔تقریب کا آغاز ویمن لیگ اہلسنت کی طرف سے کیا گیا جس میں شہر بھر سے سینکڑوں خواتین اسلام نے بھرپور شرکت کی۔ میلاد النبیﷺ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکا اعزاز مرکز کی طالبہ میمونہ نے حاصل کیا۔بارگاہ رسالت مآ ب ﷺ میں ہدیہ عقیدت نسیم بٹ، صبا عارف، میمونہ بتول ، لائبہ رشید، شبانہ رضوان اور چھوٹی بی بی جان کی طرف سے پیش کیا گیا۔محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ بی بی جان نے حضورنبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ بیان کیئے اور آپ کے بے مثال اور بے مثل اختیارات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت کے اس مہینے میں ایسے اقدامات کرنے چاہیں کہ جس سے معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔امت مسلمہ آج جن مسائل میں گری ہوئی ہے حضور نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ اور آپ کی سیرت پاک پر عمل کر کے ان مسائل سے نکلا جا سکتا ہے۔پروگرام کے آخری حصے میں اجتماعی صلوۃ التسبیح ادا کی گئی اور خصوصی دعا کرائی گئی۔پروگرام کے آخر پر موئے مبارک اور غلاف کعبہ کی زیارت کرائی گئی اور اس دوران کئی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔