اوسلو( عقیل قادر)جا معہ اسلامیہ HOLMLIA (ہو ل ملیہ) میں شہدائے کربلا کی یاد میں ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ اسلامیہ ہو ل ملیہ کے طلبہ و طالبات نے تلاوت قرآن کریم ، نعت رسول مقبولﷺ اور امام حسین علیہ السلام کے حضور منقبت کے پھول نچاور کیئے۔ اس روحانی محفل میں اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ ہو ل ملیہ کے امام و خطیب علامہ افتخار احمد چشتی نے کہا کہ امام حسینؓ اہل بیت میں سے ہیں جن کی محبت کو قرآن میں فرض قرار دیا گیا جس کے لیے ہمارے پیارے نبیﷺ نے نماز میں طویل سجدے کئے، جن کے لیے خطبے کو چھوڑا، جن کی محبت کو اپنی محبت اور جن سے بغض کو اپنے ساتھ بغض فرمایا،انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت ہمیں درس دیتی ہے کہ ہم حق کے لیے ثابت قدم رہیں اور نتائج کو اللہ رب العزت کے سپرد کر دیں۔ انہوں نے کہاکہ امام حسینؓ نے جس جراٗت و بہادری اور صبر و استقلال سے اپنی اور اپنے خاندان کی قربانی پیش کی ہے وہ تا قیامت شہادت کے ماتھے کا جھومر رہے گی، انہوں نے کہا کہ اللہ پاک ہم سب کو امام کربلاؓ کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس محفل میں جن معزز شخصیات نے شرکت کی ان میں اوسلو سٹی کونسل کے ایم پی اے ڈاکٹر راجہ مبشربنارس، پاک ناروے فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری اسماعیل سرور، پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے جنرل سیکریڑی مرزا ذوالفقار، ہیومین رائٹس سروسز ناروے کے بانی چوہدری غلام سرور، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کے سابق صدر اقبال اختر اوردیگر شامل ہیں۔