اوسلو(عقیل قادر) حکومت پاکستان کی جانب سے رفعت مسعود کو ناروے میں سفارت کا قلمدان سونپا گیا ہے اور انہوں نے اسی ہفتے سے سفارت خانے کا چارج سنبھالا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اوسلو میں مختلف پاکستانی تنظیمات سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے پہلی ملاقات بروز پیر کو کی جو دو گھنٹے تک جاری رہی۔ جن تنظیمات کے نمائندگان نے اس میں شرکت کی ان میں اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے سے عقیل قادر، پاکستان ویلفیئر یونین سے خالد محمود، پاک ناروے فورم سے چوہدری اقبال بھاگو، پاکستان یونین ناروے سے چوہدری قمر اقبال، ادبی تنظیم دریچہ سے محمد ادریس لاہوری، پاکستان کلچرل یونین شیسموسے فہیم نعیم، توحید سنٹر سے کاظمی حسین اور دیگر شامل ہیں۔ ملاقات میں تنظیمات کے نمائندگان نے اپنی اپنی تنظیمات کا تعارف پیش کیا اور خاتون سفیر رفعت مسعود کو ناروے آمد پر خوش آمدید کہا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ رفعت مسعود نے بھی تمام نمائندگان سے مل کر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی لوگوں نے اپنی محنت اور لگن سے سفیر پاکستان کا کردار قائم کیا ہوا ہے اور حکومت پاکستان آپ سب کی کاوشوں کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔