اوسلو(عقیل قادر) ویمن لیگ جماعت اہلسنت اوسلو کی جانب سے استقبال ماہ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک خوبصورت محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ثناء خواں حافظہ جویریہ سلیم تھیں۔ انکے اعزاز میں خوبصورت استقبالیہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں ویمن لیگ اہلسنت اوسلو کی عہدیداران اور ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی صدارت سرپرست ویمن لیگ اہلسنت سیدہ بی بی جان نے کی۔ حافظہ جویریہ سلیم نے نعتوں کے خوبصورت گلدستے پیش کیے اور ایک سما ء باندھ دیا۔ محفل میں شریک خواتین وقفے وقفے سے نعرہ تکبیر و رسالت سے نعت خواں کی حوصلہ افزائی کرتی رہیں۔ جویریہ سلیم نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسلم سینٹر اور جماعت اہلسنت ناروے کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی دعوت پر وہ ناروے تشریف لائیں۔صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ پاکستان اور ناروے کی محافل میں انکو کیا فرق محسوس ہو ا جسکا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناروے میں خواتین میں جوش اور جذبہ بہت زیادہ دیکھنے میں آیا ہے شاید اسکی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یورپ میں ایسی محافل کا انعقاد اُتنی کثیر تعداد میں نہیں کیا جاتا جتنا پاکستان میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے دنیا نیوز کے ناظرین کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج میں جس مقام پر بھی ہوں اپنے والدین کی دعاؤں کی وجہ سے ہوں اس لیے میں دیکھنے اور پڑھنے والوں کو کہوں گی کہ والدین کا احترام اپنے اُوپر لازم کریں۔ عشق رسول ﷺ کے فروغ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم زیادہ سے زیادہ حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں درودو سلام کا نذرانہ پیش کریں اور نعت کی محافل کا انعقاد کریں تاکہ ہم اپنے سینوں میں عشق رسولﷺ کو سمو سکیں۔