اطلاعات کےمطابق جنوبی ناروے کے 25سالہ کرستین سند رات کو اس وقت صرف انڈرویئر پہنے گھر سے باہر دوڑے جب انھیں اپنی گاڑی کے سٹارٹ ہونے کی آواز آئی۔ رات کے اس پہر ناروے میں درجہ حرارت منفی 17 سینٹی گریڈ تھا۔
جب کرستین سند اپنی گاڑی کے پاس پہنچے تو کار چور گاڑی لے کر بھاگنے ہی والا تھا۔ کار مالک نے کار کے دروازے کو پکڑ کر اسے روکنے کی کوشش کی لیکن کار چور نے گاڑی چلا دی۔
کرستین سند اس دوران کار کی چھت سے لٹک گئے۔ کار چور نے گاڑی کو 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانا شروع کر دیا اور گاڑی کو کئی کلو میٹر دور لےگیا۔
اس یخ بستہ موسم میں صرف ایک انڈرویئر میں ملبوس 25 سالہ کرستین سند نے گھٹنے کی مدد سے پچھلی ونڈ سکرین کو توڑ کر کار چور کو قابو کرنے کی کوشش اور اسی دوران کار ایک رکاوٹ سے ٹکرا گئی۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کار مالک اس کوشش کے دوران خاصے زخمی ہو گئے ہیں۔ مبینہ کار چور اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔
مقامی پولیس کی سربراہ جان نیسلند نے ناروے کے ٹی وی ٹو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کار مالک ہالی وڈ فلموں کی طرح کئی کلومیٹر تک کار کے ساتھ لٹکا رہا۔
پولیس سربراہ نے بتایا کہ کار چور نے اس دوران کار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی لیکن کار مالک اپنے گھٹنے کی مدد سےگاڑی کی پچھلی ونڈ سکرین کو توڑنے میں کامیاب ہو گیا اور کار میں داخل ہو کر چور سے گتھم گتھا ہوگیا۔
مقامی پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ بروس ویلس (اداکار) بھی ایسا نہ کر پاتا۔ ’ہم ہر گز لوگوں کو ایسا کرنے کا مشورہ نہیں دیتے لیکن وہ ایسا کر گزرا ہے تو یقیناً زبردست کہانی ہے۔‘
مقامی پولیس سربراہ نے کہا کہ کپڑوں میں ملبوس شخص کا چلتی کار پر ونڈ سکرین کو توڑنا الگ بات ہے لیکن اتنے سرد موسم میں صرف انڈرویئر پہنے ایسا کرنا پاگل پن ہے