وزن کم کرنا جان جوکھوں کا کام ہے لیکن ایک آسٹریلوی خاتون نے صرف 6ماہ میں اپنے وزن میں 28کلوگرام کمی کرکے دنیاکو حیران کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس 33سالہ ایبی کیری نامی خاتون کا تعلق آسٹریلوی شہر پورٹ میکوئیری سے ہے جو ایک وقت میں اس قدر موٹاپے کا شکار ہو گئی تھی کہ اس کا وزن 102کلوگرام تک جا پہنچا تھا۔ یہی وہ وقت تھا جب اس نے موٹاپا کم کرنے کا فیصلہ کیا اور اگلے 6ماہ میں اپنا وزن 28کلوگرام تک کم کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
ایبی کیری کا کہنا ہے کہ میرے اتنی جلدی اتنا زیادہ وزن کم کرنے کا راز واکنگ اور ناشے میں سمودی (Smoothie)پینا ہے۔ ایک وقت میں میرا وزن اتنا بڑھ گیا تھا کہ میرے لیے چلنا پھرنا دوبھر ہو گیا اور میں اپنے بچوں کا بھی خیال نہیں رکھ پاتی تھی۔ چنانچہ میں نے اپنے بچوں کی خاطر وزن میں کمی لانے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی 6ماہ میں 28کلوگرام وزن کم کرنے کے بعد بھی میں نے کوشش جاری رکھی اور اس وقت میرا وزن صرف 66کلوگرام رہ گیا ہے۔ جو لوگ وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں بھی میں ناشتے میں سمودی پینے اور روزانہ طویل واک کرنے کا مشورہ دوں گی۔