وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر پی ٹی وی پر ترک ڈرامے ” ارتغرل“ ڈرامے کی اردو زبان میں نشریات شروع کر دی گئیں ہیں جسے پاکستانیوں کی جانب سے بے پنا ہ پسند کیا جارہاہے اور لاک ڈاﺅن میں تو عوام کی بڑی تعداد ڈرامے سے لطف اندوز ہو رہی ہے تاہم اب عمران خان نے ایک اور ڈرامہ بھی چلانے کی خواہش ظاہر کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک کے سینیٹر اور عمران خان کے قریبی ساتھی فیصل جاوید خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ترکی کے ایک اور ڈرامے ” یونس امرہ“ کو بھی پاکستان میں اردو زبان میں دکھایا جائے ، یونس امرہ اسلامی شاعر تھے جن کی زندگی پر یہ ڈرامہ بنایا گیاہے ۔“
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پی ٹی وی پر نشر کیے جارہے ڈرامے ارتغرل دراصل ایسی شخصیت کی کہانی ہے جو کہ سلطنت عثمانیہ کے قیام کو عمل میں لانے والے ” عثمان غازی “ کے والد ارتغرل کی مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد پر مبنی ہے ، جنہوں نے غیر مسلموں کی مسلمانوں کے خلاف سازشوں کو بڑے پیمانے پر ناکام بنایا اور اسلام کا جھنڈا بلند کیا ، ان کا تعلق ” قائی “ قبیلے سے تھے اور وہ اپنے والد سلمان شاہ کے بعد اس قبیلے کے سردار منتخب ہوئے ۔