یوں تو دنیا میں ہر جگہ نجومی پائے جاتے ہیں لیکن امریکہ کے ایک قصبے میں نجومیوں کی ایسی بہتات ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ دی مرر کے مطابق اس قصبے کا نام کیساڈیگا ہے جو امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع ہے۔ یہاں 60سے زائد نجومی رہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کا روحانی دارالحکومت بھی کہا جاتا ہے۔ اس قصبے کے گھروں کی ساخت اور ڈیزائن ہی کچھ ایسے ہیں کہ جن سے عجیب پراسراریت جھلکتی ہے۔
اس قصبے کی کہانی 1875ءسے شروع ہوتی ہے جب نیویارک کے ایک شہری کو اس کے روحانی رہنماءنے ایک روحانی مرکز قائم کرنے کا حکم دیا۔ اس شہری نے اس جگہ پر آ کر ایک روحانی کیمپ لگایا اور لوگوں کو روحانیت کی تعلیم دینی شروع کی۔ اس کیمپ نے مستقل رہائش گاہ کا روپ دھارا، جو آج ایک قصبہ بن چکی ہے۔ آج لوگ دورونزدیک سے یہاں نجومیوں کے پاس آتے اور اپنے مستقبل کا حال پوچھتے ہیں۔ یہاں روحانی طریقے سے مریضوں کا علاج بھی کیا جاتا ہے اور لوگ اس غرض سے بھی اس قصبے میں آتے ہیں۔