ہمارے ہاں سردیوں میں درجہ حرارت منفی کے قریب بھی نہیں پہنچتا مگر دانت بجنے لگتے ہیں لیکن چین میں ایک شہر ایسا ہے جہاں اتنی سردی پڑتی ہے کہ گرم پانی ہوا میں اچھالیں تو وہ اچھالتے ہی ہوا میں جم جاتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس شہر کا نام Moheہے جو چین کے شمال میں واقع ہے۔ گزشتہ دنوں اس شہر میں درجہ حرارت منفی 44.3ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جو رواں سال کا کم ترین درجہ حرارت ہے۔
درجہ حرارت اتنا کم ہونے پر مقامی لوگوں نے ہوا میں کھولتا ہوا پانی پھینک کر اس کے منجمد ہونے کی ویڈیوز بنائیںا ور انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہیں جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ لوگ پانی کوجیسے ہی اوپر پھینکتے ہیں وہ برف کے کرسٹلز میں تبدیل ہو جاتا ہے یا پھر برفیلے بخارات بن کر اڑجاتا ہے۔ یہ شہر ہیلانگ جیانگ نامی صوبے میں واقع ہے جہاں درجہ حرارت منفی 52.3ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔