) کورونا وائرس کی وباءنے عالمی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور کروڑوں لوگ بے روزگار ہو کر فاقوں سے دوچار ہیں لیکن اس وباءکا امراءکی دولت پر منفی اثر پڑنے کی بجائے الٹا مثبت اثر پڑا ہے اور ان کی دولت میں دو گنا سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق امریکہ کے ارب پتی افراد کی دولت میں کورونا وائرس کی وباءکے دوران تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ 108امریکی ارب پتیوں کی مجموعی دولت میں 18مارچ سے 24نومبر کے دوران 1ٹریلین سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور کئی لوگ ایسے ہیں جن کی دولت اس وباءکے دوران دو گنا سے زائد بڑھ چکی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں 34نئے لوگ ارب پتیوں کی فہرست میں شامل ہو ئے ہیں۔ ٹیسلا کے مالک ایلن مسک کی دولت میں 100ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہواہے جو کہ 413فیصد بنتا ہے۔ایمازون کے مالک جیف بیزوس کی دولت میں 70.7ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 29ایسے امریکی ارب پتی ہیں جن کی دولت کورونا وائرس کی وباءکے دوران دو گنا سے زائد بڑھی ہے۔ جبکہ اسی امریکہ میں ہی کورونا وائرس کی وباءکی وجہ سے 1کروڑ 10لاکھ سے زائد لوگ بے روزگاری کی صعوبت جھیل رہے ہیں۔