کئی لوگ سبزی خور ہوتے ہیں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیتے ہیں۔ ایسی ہی ایک لڑکی جو سالہا سال تک نہ صرف خود سبزی خور رہی بلکہ دوسروں کو بھی اس کام پر لگاتی رہی، اب بالآخر اس نے سبزی خوری کا ایسا نقصان بتا دیا ہے کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔ میل آن لائن کے مطابق فن لینڈ کی 39سالہ ویرپی میکونن نامی یہ لڑکی ایک کامیاب بلاگ چلا رہی تھی جس پر وہ لوگوں کو گوشت خوری کے نقصانات اور سبزی خوری کے فوائد بتاتی تھی۔ اب اس ایوارڈ یافتہ بلاگر نے اپنے اسی بلاگ پر لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ سبزی خوری نے اس کی صحت تباہ کر دی ہے چنانچہ باقی لوگ بھی محتاط ہو جائیں۔
ویرپی نے لکھا ہے کہ ”میں سبزی خوری کی ترویج کر رہی تھی اور سمجھتی تھی کہ اس سے لوگ زیادہ صحت مندانہ زندگی گزار سکتے ہیں لیکن یہ خوراک مجھے بیمار بنا رہی تھی اور مجھے معلوم ہی نہیں تھا۔ سبزی خوری کی وجہ سے مجھے ماہواری بہت جلدی آنے لگی اور پھر بالکل ہی رک گئی، میرے ناخن انتہائی خستہ ہو کر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگے، میں شدید ذہنی تناﺅ کا شکار رہنے لگی اور جسمانی اعتبار سے بہت کمزور ہو گئی، میرے وجود ایسے ہو گیا جیسے مجھ میں جان ہی نہ ہو۔ ایک عرصہ تک میں ان سب علامتوں کو نظر انداز کرتی رہی لیکن پھر جب میرے چہرے پر سرخ دانے نکلنے لگے تو میں ڈاکٹر کے پاس گئی جس نے میرے خون کے ٹیسٹ کیے اور مجھے فوری طور پر سبزی خوری سے روک دیا۔ اب میں بیف برگر کھاتی ہوں اور گوشت کی بنی ہوئی کچھ دیگر ڈشز بھی، اور میری حالت پہلے سے بہت بہتر ہو چکی ہے۔ “