یورپی ملک آسٹریا کے وزیر صحت روڈولف انشوبر کا کہنا ہے کہ ان کا ملک یورپی یونین میں پہلا ملک ہوگا جو ڈیجیٹل ’گرین پاس‘ متعارف کروانے جا رہا ہے، یہ پاس کورونا کی وبائی صورتحال میں محفوظ سفر کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے صحافیوں کے سامنے اس بات کی تصدیق کی کہ جولائی تک آسٹریا کی دو تہائی آبادی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کرلے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل تک گرین پاس میں یہ بات شامل کی جائے گی کہ آیا کارڈ ہولڈر ماضی میں کورونا میں مبتلا تو نہیں ہوا ، اس کے علاوہ اس کے ٹیسٹ رزلٹس بھی اس میں شامل ہوں گے۔ اس کے بعد جون میں لوگوں کی ویکسی نیشن کی معلومات بھی گرین پاس میں شامل کردی جائیں گی۔ انہوں نے یورپی یونین کے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ بھی اسی عرصے کے دوران اپنے شہریوں کی معلومات پر مبنی گرین پاس جاری کریں۔
آسٹرین وزیر صحت کے مطابق گرین پاس پر ایک بار کوڈ لگایا جائے گا جس سے متعلقہ شہری کی معلومات کو سکین کیا جاسکے گا۔