دنیا کی معروف ترین گیم کے بارے میں پوچھا جائے تو آپ کے ذہن میں پب جی اور دیگر ایسی چند گیمز آئیں گی لیکن آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ اس وقت دنیا کی معروف ترین گیم ایسی ہے جس کا بہت سوں نے شاید نام بھی نہ سن رکھا ہو۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس گیم کا نام ’امنگ اَس‘ (Among Us) ہے جو ایک ملٹی پلیئر آن لائن گیم ہے۔ نومبر کے مہینے میں اس کے 50کروڑ سے زائد ایکٹو صارف تھے۔ اس تعداد کے ساتھ ماہانہ ایکٹو پلیئرز کی تعداد کے ساتھ یہ دنیا کی سب سے زیادہ کھیلی جانے والی گیم قرار پائی۔
رپورٹ کے مطابق اس گیم کو ’سپرڈیٹا‘ نامی مارکیٹ ریسرچ فرم نے اپنی سالانہ رپورٹ میں دنیا کی سب سے زیادہ کھیلی جانے والی گیم قرار دیا ہے۔ یہ گیم 2018ءسے انٹرنیٹ پر دستیاب ہے تاہم اس کی مقبولیت میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ لاک ڈاﺅن کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی ایک اور وجہ بھی بیان کی جا رہی ہے کہ حالیہ مہینوں میں اس گیم کے پلیئرز نے اسے یوٹیوب اور ’Twitch‘ پر بڑی تعداد میں براڈ کاسٹ کرنا شروع کیا ہے جس سے دیگر لوگوں کو اس گیم سے آگاہی ملی ہے اور اسے زیادہ لوگوں نے اپنے فونز میں انسٹال کرنا شروع کر دیا ہے۔