کشمور پولیس کے اے ایس آئی محمد بخش بریرو نے جس طرح اپنی بیٹی کے ذریعے سانحہ کشمور کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا، اس پر پاکستان بھر سے محمد بخش اور ان کی جرات مند بیٹی کی تعریف کی جا رہی ہے اور اب وزیراعظم عمران خان بھی اس بہادر باپ بیٹی کی تعریف میں بول پڑے ہیں اور کہہ دیا ہے کہ وہ اس جرات مند آفیسر کا ماتھا چومنا چاہتے ہیں۔
ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اس واقعے کے بعد اے ایس آئی محمد بخش اور ایس ایس پی کشمور سے فون پر بات کی اور محمد بخش سے کہا کہ ”میرادل چاہ رہا ہے کہ تمہارا ماتھا چوم لوں اور تمہیں گلے لگا لوں۔“واضح رہے کہ سانحہ کشمور میں ایک خاتون اور اس کی 4سالہ بیٹی کو درندگی کا نشانہ بناڈالا گیا تھا اور اس واردات کا مرکزی ملزم مفرور تھا جسے اے ایس آئی محمد بخش نے اپنی بیٹی کے ذریعے گرفتار کیا۔ محمد بخش نے اپنی بیٹی سے کہا کہ وہ اس مفرور ملزم سے فون پر بات کرے اور اسے جھانسے سے کسی جگہ ملنے کے لیے بلائے۔ اس بہادر لڑکی نے ایسا ہی کیا اور ملزم کو اعتماد میں لینے کے بعد اسے ایک جگہ ملاقات کے لیے بلا لیا اور اس سے ملنے بھی چلی گئی۔ اس کے پیچھے اس کا والد اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھا نہوں نے اس درندے کو گرفتار کر لیا۔