برطانیہ کی سپرمارکیٹ کمپنی ’سینز بریز‘ (Sainsbury’s)نے اپنے سٹورز پر شاپنگ کرنے والوں کے لیے ایک ایسی سہولت متعارف کروا دکھی ہے کہ اب وہ اپنے موبائل فون کے ذریعے ہی شاپنگ کر سکتے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق کمپنی نے گزشتہ سال ’سمارٹ شاپ‘ کے نام سے ایک ایپلی کیشن متعارف کرائی تھی، جسے صارفین اپنے فون میں انسٹال کرتے اور اسی کے ذریعے سینزبریز سٹورز سے خریدی گئی اشیاءکا بل ادا کرتے ہیں۔
اس ایپلی کیشن میں ’کیو آرکوڈ ریڈر ‘ شامل ہے،جس کے ذریعے صارفین اپنی خریدی گئی چیز کے ڈبے پر موجود کیوآر کوڈ کو سکین کرتا ہے، اس سے اس چیز کی قیمت اور دیگر تفصیل موبائل فون کی سکرین پر نمودار ہو جاتی ہے۔ایپلی کیشن کو صارفین نے اپنے بینک اکاﺅنٹ سے بھی منسلک کر رکھا ہوتا ہے ، چنانچہ وہیں سے اپنی خریدی گئی چیز کی قیمت ادا کر دیتے ہیں۔بینک اکاﺅنٹ کی بجائے اس ایپلی کیشن کو ’ایپل پے‘ یا ’گوگل پے‘ سے بھی منسلک کیا جا سکتا ہے۔
سینز بریز کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اس ایپلی کیشن کو متعارف کرانے کا مقصد صارفین کا وقت بچانا اور کاﺅنٹر پر بل ادا کرنے کی صعوبت سے بچانا تھا اور یہ تجربہ بہت کامیاب رہا ہے۔ یہ ایپلی کیشن گزشتہ سال اگست میں لانچ کی گئی تھی۔ تب سے آج تک ہمارے 82فیصد کسٹمرز نے اسی کے ذریعے خریداری کی۔“