امریکہ میں ٹیسلا کار کے آٹو پائلٹ فیچر کی تعریف کرنے والا ڈرائیور اگلے ہی لمحے اسی فیچر کی وجہ سے موت کے منہ میں چلا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس 35سالہ شخص کا نام سٹیون مائیکل ہنڈریکسن تھا جو اپنی ٹیسلا گاڑی کو آٹوپائلٹ پر کرکے فون پر ویڈیو بنا رہا تھا اور گاڑی کے اس فیچر کی تعریف کر رہا تھا مگر اس تعریف کے کچھ ہی وقت بعد آٹو پائلٹ پر چل رہی اس گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آ گیا ، جس میں سٹیون کی موت واقع ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق سٹیون دو بچوں کا باپ تھا، جس کی ٹیسلا ماڈل 3کو امریکی شہر لاس اینجلس سے 50میل کے فاصلے پر واقع شہر فونٹانا کے قریب حادثہ پیش آیا، جس میں گاڑی الٹ گئی۔سٹیون کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کے ہاتھ گاڑی کے سٹیئرنگ پر نہیں ہوتے اور گاڑی خود بخود چل رہی ہوتی ہے اور وہ آٹوپائلٹ فیچر کی تعریف کر رہا ہوتا ہے کہ وہ کس بہترین طریقے سے گاڑی کو کنٹرول کر رہا ہے۔ پولیس اس پہلو پر بھی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا گاڑی کو حادثہ پیش آنے میں آٹو پائلٹ فیچر کا کتنا ہاتھ تھا۔