گیلپ پاکستان کی سروے رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ وائرل ہیپاٹائٹس پاکستان میں تیزی سے پنچے گاڑنے لگا ہے۔سروے رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 64 لاکھ افراد نے ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ کروایا جس میں سے 26 لاکھ یعنی 41 فیصد افراد میں ہیپاٹائٹس بی اور سی مثبت آیا۔سروے میں بتایا گیا ہے کہ 88 فیصد افراد اِس بیماری سے بچاو کے لیے کسی قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کررہے جب کہ صرف 8 فیصد اس بیماری سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیراختیار کررہے ہیں۔سروے رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 42 لاکھ پاکستان ملیریا جب کہ 21 لاکھ افراد ٹی بی کا شکار ہوئے۔
واضح رہے اکتوبر 2019 میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے انکشاف کیا تھا کہ پنجاب میں ایک کروڑ افراد ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں۔رواں سال فروری میں سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار کے گاوں سارنگ ہکڑو کے 20 فیصد افراد میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تصدیق ہوئی تھی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لکشمن داس کا کہنا تھا کہ 3 ماہ کے دوران 33 افراد ہیپاٹائٹس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔