ایشیاءکپ میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ جون میں متوقع ہے جس کی میزبانی پاکستان کرے گا، دسمبر 2018ءمیں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے باہمی سیریز کے معاملے میں بار بار حکومتی اجازت نہ ملنے کا جواز دینے والے بھارتی بورڈ نے رواں سال میں ایشیا کپ کو بھی شامل رکھا لیکن ساتھ یہ واضح بھی کیاگیا کہ ستمبر میں ہونے والے اس ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے ابھی تک صورتحال واضح نہیں، بی سی سی آئی حکام ابھی تک مقابلے نیوٹرل وینیو پر ہونے کی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جون میں شیڈول بورڈ کے اہم اجلاس میں ایشیا کپ کیلئے ٹیم بھجوانے کا معاملہ زیر غور آئے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدوں پر تناؤ سمیت کشیدہ سیاسی صورتحال میں اس بات کے بہت امکانات کم ہیں کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار ایشیائی ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز 2008ءمیں حاصل کیا تھا اور یہ ملک میں آخری انٹرنیشنل ایونٹ بھی ثابت ہوا کیونکہ سری لنکن ٹیم پر 2009ءمیں حملے کے بعد اب غیر ملکی ٹیموں کی آمد تو شروع ہوگئی،البتہ کوئی کثیر ملکی ٹورنامنٹ نہیں ہوا ہے۔